Your preferred website language

آپ کی پسندیدہ ویب سائٹ کی زبان

اردو اکادمی دہلی کے زیر اہتمام 21 روزہ سمر کیمپ کا شاندار آغاز

"اردو اکادمی دہلی کی تعلیمی و ثقافتی سرگرمیاں مثالی اور ہمہ جہت ہیں": روچیکا کتیال
press-release-banner-17052025

اردو اکادمی دہلی کے زیر اہتمام 21 روزہ سمر کیمپ کا شاندار آغاز

"اردو اکادمی دہلی کی تعلیمی و ثقافتی سرگرمیاں مثالی اور ہمہ جہت ہیں": روچیکا کتیال

نئی دہلی، 15 مئی

اردو زبان و ادب کے فروغ اور بچوں کی شخصیت سازی کے مقصد سے اردو اکادمی، دہلی کی جانب سے ایک نئی اور منفرد پہل کے طور پر آج سے 21 روزہ سمر کیمپ کا آغاز کیا گیاجو 15 مئی تا 4 جون 2025 قمر رئیس سلور جوبلی آڈیٹوریم میں جاری رہے گا۔

یہ سمر کیمپ اپنی نوعیت کا پہلا جامع اور باقاعدہ پروگرام ہے، جس میں تعلیمی، تہذیبی، ادبی اور تخلیقی سرگرمیوں کو باضابطہ کورسز کی شکل میں ترتیب دیا گیا ہے۔ اس موقع پر محترمہ روچیکا کتیال(آئی اے ایس)، اسپیشل سکریٹری برائے فن، ثقافت و السنہ، حکومت دہلی اور سکریٹری ساہتیہ کلا پریشد، مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے موجود تھیں۔

محترمہ روچیکا کتیال نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اردو اکادمی دہلی نہ صرف زبان و ادب کی ترویج کر رہی ہے، بلکہ نئی نسل کو اردو تہذیب و ثقافت سے روشناس کرانے کے لیے عملی اقدامات بھی کر رہی ہے۔ یہ سمر کیمپ ایک نئی شروعات ہے جو قابلِ ستائش ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ میں اکادمی کی اس پہلی نوعیت کی کوشش کا حصہ بنی ہوں۔انہوں نے کہا کہ اردو تہذیب، رکھ رکھاؤ اور زبان سے ان کی ذاتی دلچسپی ہے اور پرانی دہلی جیسے علاقے ان کے دل کے قریب ہیں کیوںکہ یہاں اردو زبان اور ثقافت سانس لیتی ہے۔ کیمپ میں شریک طلبا و طالبات کو انہوں نے بھرپور استفادے کی تلقین کی۔

اردو اکادمی دہلی کے سکریٹری محمد احسن عابد نے اس موقع پر کیمپ کا تفصیلی تعارف پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ سمر کیمپ اردو اکادمی دہلی کی جانب سے ایک نئی روایت کی بنیاد ہے، جس کے ذریعے بچوں میں اردو زبان، تہذیب، اور فنونِ لطیفہ سے محبت اور وابستگی پیدا کی جا رہی ہے۔کیمپ میں کل چھ سرگرمیاں شخصیت سازی (لازمی)،خطاطی، پینٹنگ، غزل سرائی، داستان گوئی اور اردو زبان دانی شامل ہیں۔ہر طالبعلم کے لیے شخصیت سازی کا کورس لازمی ہے جبکہ باقی میں سے دو اختیاری کورسز منتخب کیے جا سکتے ہیں۔ اس طرح ہر طالب علم تین سرگرمیوں میں عملی طور پر شامل ہوگا۔کیمپ کے لیے دہلی  کے 570 سے زائد طلبا و طالبات نے آئن لائن رجسٹریشن کرایا تھا، جن میں سے 200 طلبہ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اس افتتاحی تقریب میں کیمپ انسٹرکٹرز، اساتذہ، والدین اور اردو اکادمی کے عملے کی بڑی تعداد موجود تھی۔