Your preferred website language

آپ کی پسندیدہ ویب سائٹ کی زبان

اردو اکادمی ، دہلی کے زیر اہتمام

امنگ پینٹنگ مقابلے میں طلبہ کا جوش و خورش قابلِ دید

نئی دہلی  31۔اگست۔

اردو اکادمی، دہلی کے زیرِ اہتمام آج صبح دس بجے اکادمی کے دفتر میں پرائمری سے لے کر سینئر سکنڈری سطح تک کے طلبہ کے لیے ’’امنگ پینٹنگ‘‘ مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ اس مقابلے میں دہلی کے تقریباً ساٹھ اسکولوں سے تین سو طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔ اکادمی کی جانب سے مختلف زمروں کے لیے الگ الگ فی الفور عنوانات متعین کیے گئے تھے جن پر بچوں نے رنگوں کے ذریعے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔یہ مقابلہ نہ صرف طلبہ کے جمالیاتی ذوق اور فنونِ لطیفہ سے دلچسپی کو جِلا بخشتا ہے بلکہ ان کے مشاہدے کو گہرا، سوچ کو مثبت اور اظہار کو نکھارتا ہے۔ اس نوعیت کی سرگرمیاں طلبہ میں خود اعتمادی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ عملی زندگی کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کو بھی بڑھاتی ہیں۔

اکادمی کی روایت کے مطابق ہر سال بڑے پیمانے پر منعقد ہونے والے ان مقابلوں میں دہلی کے سرکاری و غیر سرکاری اسکولوں کے طلبہ بھرپور شرکت کرتے ہیں۔ کامیاب طلبہ کو انعامات اور اسناد سے نوازا جاتا ہے، جب کہ ان کی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی اعلانات بھی کیے جاتے ہیں۔ سب سے زیادہ شرکت کرنے والے اسکول کو ’’بہترین شرکت کرنے والا اسکول‘‘ اور سب سے زیادہ انعامات حاصل کرنے والے ادارے کو ’’بہترین کارکردگی کا حامل اسکول‘‘ کے اعزاز کے ساتھ ٹرافی اور نقد انعامات دیے جاتے ہیں۔اس نوع کے پروگرام طلبہ کی تخلیقی اور فکری صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے ساتھ ساتھ اردو زبان و ادب کے فروغ میں بھی نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ اکادمی کے یہ تعلیمی مقابلے 30 اگست سے جاری ہیں اور8 ستمبر 2025 تک جاری رہیں گے۔ اکادمی کی جانب سے مقابلوں میں شریک ہر طالب علم اور ان کے اساتذہ کے لیے روزانہ ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہر طالب علم کو اکادمی کا مقبول رسالہ ’’بچوں کا ماہنامہ امنگ‘‘ ایک سال کے لیے مفت فراہم کیا جائے گا۔ یہ اقدام بچوں میں مطالعے کی عادت کو فروغ دینے اور انہیں اردو زبان و ادب سے مزید قریب کرنے کی ایک مثبت اور بامقصد کوشش ہے۔