اردو اکادمی ، دہلی کے زیر اہتمام کوئز مقابلہ برائے مڈل زمرہ کا انعقاد

کوئز میں پختگی ہی سے امتحانات میں کامیابی ملتی ہے: ڈاکٹر شبانہ نذیر

نئی دہلی، 3 ستمبر

اردو اکادمی دہلی کے زیر اہتمام آج اردو کوئز (سوال و جواب) مقابلہ برائے مڈل زمرہ (چھٹی تا آٹھویں جماعت) کا انعقاد ہوا، جس میں 19 اسکولوں سے تقریباً 60 طلبہ و طالبات نے شرکت کی، جنہوں نے اپنے اپنے اسکول کی نمائندگی کی۔ تین موضوعات—اردو، عام معلومات اور سائنس سے تین تین سوالات پوچھے جا رہے تھے۔ ہر جواب کے دو نمبر تھے، لیکن اگر کسی ٹیم نے جواب نہ دیا تو جس ٹیم نے اس سوال کا درست جواب دیا اسے ایک نمبر مل جاتا۔ اس طریقے سے مقابلہ بہت ہی دلچسپ رہا کیونکہ کئی ٹیموں کے نمبرات برابر آئے جس کی بنا پر دو ٹیمیں اوّل مقام پر رہیں، پانچ ٹیمیں دوسرے انعام کی اور دو ٹیمیں تیسرے انعام کی مستحق قرار دی گئیں۔

مقابلے میں ریشماں فاروقی نے بطور کوئز ماسٹر پروگرام کو جاری رکھا اور نگرانی کی ذمہ داری ڈاکٹر شبانہ نذیر کو دی گئی تھی۔ مقابلے کے بعد ڈاکٹر شبانہ نذیر نے طلبہ و طالبات اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اردو اکادمی دہلی آپ کو جو یہ اسٹیج فراہم کرتی ہے وہ آپ کی شخصیت کو نکھارنے کے لیے ہوتا ہے، اس سے آپ بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ کوئز کا مقابلہ نہایت اہمیت رکھتا ہے، یہ آپ کی زندگی کا دھارا متعین کرتا ہے، کیونکہ جب آپ کسی بھی مقابلہ جاتی امتحان میں شریک ہوں گے تو آپ کے سامنے  اسی  طرح کے سوالات آئیں گے۔ یہ تمام سوالات آپ کی کتابوں اور آپ کے ارد گرد کی زندگی سے ہوتے ہیں۔ کتابیں، اساتذہ، گھر، سفرگویا ہر جگہ آپ کو معلومات ملتی ہیں جو کوئز کی شکل میں پوچھی جاتی ہیں۔ اس لیے اس میں آپ کا مضبوط ہونا ضروری ہے اور یہی ہر امتحان میں کامیابی کی ضمانت ہے۔

اس کے بعد انعامات کا اعلان کیا گیا، جس میں جامعہ مڈل اسکول جامعہ ملیہ اسلامیہ اور نیو ہورائزن پبلک اسکول نظام الدین کی ٹیموں نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ زینت محل سروودیہ کنیا ودیالیہ جعفر آباد، کریسنٹ اسکول دریا گنج، دیو سماج ماڈرن اسکول سکھدیو وہار، سروودیہ کنیا ودیالیہ نور نگر اور رابعہ گرلز پبلک اسکول گلی قاسم جان کی ٹیموں نے دوسری پوزیشن حاصل کی، جب کہ سروودیہ کنیا ودیالیہ جے جے کالونی وزیرپور اور اینگلو عربک سینئر سیکنڈری اسکول اجمیری گیٹ کی ٹیموں نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔