اردو خواندگی اسکیم کے بارے میں
اکادمی نے 1988 میں قومی تعلیمی پالیسی کے تحت ناخواندگی کے خاتمے کے لیے ایک اسکیم شروع کی تھی۔ اکادمی ہر سال دہلی کے مختلف علاقوں میں تقریباً 200 اردو خواندگی مراکز قائم کرتی ہے جس میں تقریبا ًڈھائی ہزار سے تین ہزار اردو سیکھنے والوں کو داخلہ دیا جاتا ہے۔ خواتین اور کم آمدنی والے طبقے کے لوگوں میں اردو تعلیم کو فروغ دینے کے لیے باقاعدہ ایک فریضے کے طور پر اکادمی اسے انجام دیتی ہے۔ اکادمی تمام مراکز کو انسٹرکٹرز، کتابیں، کاپیاں، چاک، بلیک بورڈ، دری، پنسل اور ربڑ وغیرہ مفت فراہم کرتی ہے۔
10 برس اور اس سے زیادہ عمر کے بالغوں اور بچوں کے لیے خواندگی کے پروگرام غیر رسمی تعلیمی پروگرام ہیں۔ ان میں بنیادی خواندگی، مسلسل تعلیم، فاصلاتی تعلیم، صحت کی تعلیم، سماجی فلاح و بہبود، معاشرے کی ترقی، لبرل تعلیم، ماحولیاتی تعلیم وغیرہ شامل ہیں۔ بعض افراد اردو زبان سیکھنے کے مقصد سے اردو خواندگی کے پروگراموں میں شمولیت اختیار کرتے ہیں۔ اکادمی میں اس کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ خواندگی کے پروگراموں میں داخلہ لینے والے شرکا ہر طرح سے مطمئن ہوں اور کورس کی تکمیل تک اس میں برقرار رہیں۔ کسی بھی پروگرام کی کارکردگی کا معیار فنڈز کی سطح سے متاثر ہوتا ہے۔ یہ ضروری ہے کہ خواندگی سے متعلق پروگراموں کو خاطر خواہ مالی اعانت فراہم کی جائے لہٰذا درکار فنڈز کی دستیابی پروگرام کی کامیابی کو یقینی بناتی ہے۔ موجودہ اسکیم میں کوئی بھی سیکھنے والا تیسری جماعت کے معیار تک کی خواندگی حاصل کرتا ہے۔ اس معیار کی خواندگی کے بعد سیکھنے والوں کے لیے پھر سے پڑھائی کرنا ممکن ہے۔
اردو خواندگی کے مراکز کا قیام
اشتہار شائع کرنے، اہل امیدواروں کی درخواستیں وصول کرنے اور درخواست فارموں کی جانچ پڑتال کے بعد امیدواروں کے انتخاب کے لیے اکادمی کی جانب سے تحریری امتحان اور انٹرویو کا اہتمام کیا جاتا ہے اور منتخب امیدواروں کے لیے میرٹ لسٹ تیار کی جاتی ہے۔
: شرائط و ضوابط
- (الف) اردو خواندگی مراکز کے انسٹرکٹر کے لیے ماہانہ 5000/- روپے
- (ب) مرکز میں سیکھنے والوں کی تعداد 25 سے 30 تک ہونی چاہئے۔ اگر ان کی کارکردگی اچھی ہے تو انہیں ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
- (ج) مراکز کا وقت ہر ہفتے کے پہلے چار دنوں میں 2 گھنٹے کا ہونا چاہئے۔
- (د) مراکز کی مدت 8 ماہ ہونی چاہئے۔
- (ہ) انسٹرکٹر کے لیے دسویں، بارہویں یا بی اے کی اہلیت لازمی ہے یا اردو بطور مضمون یا اس کے مساوی کے ساتھ ایم اے ہوں۔
- (و) سیکھنے والوں کو ہر ماہ باقاعدگی سے اسٹیشنری فراہم کی جائے گی ۔
- (ز) سیکھنے والوں کے ساتھ ساتھ اساتذہ کو بھی انعامات اور سرٹیفکیٹ دیے جانے چاہئیں۔